پاکستان کے52 اضلاع میں ٹڈی دل کے حملے، فصلیں شدید متاثر

فائل فوٹو


اسلام آباد: قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے(این ڈی ایم اے) کے مطابق ٹڈی دل پاکستان کے52 اضلاع میں موجود ہے اور اس کے تدارک کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

این ڈی ایم کے مطابق بلوچسستان میں 31، خیبر پختونخوا10، پنجاب4 اور سندھ میں 7 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ1128 ٹیموں لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں اور گزشتہ24گھنٹوں میں3لاکھ 50 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق4900 ہیکٹر رقبہ کا ٹڈی مار ادویات سے ٹریٹمنٹ کیا گیا ہے۔ بلوچسستان میں 3200 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا گیا ہے اور
پنجاب میں 100 ہیکٹر پر سپرے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹڈی دل کے حملوں سےکپاس، مرچ کی فصلوں اور آم کے باغات کو نقصان

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں 1000ہکٹر رقبہ کی ٹریٹمنٹ ہوئی ہے جب کہ سندھ میں گذشتہ روز 600 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اب تک پورے ملک میں 4لاکھ 97 ہزار ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ہے۔

پاکستان میں ٹڈی دل کے مسلسل حملوں کی وجہ سے کپاس، مرچ کی فصلوں اور آم کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سندھ کے ضلع نواب شاہ میں ٹڈی دَل کے حملے سے کپاس، گنا، جوار اور پیاز کی فصل کو نقصان ہوا۔

پنجاب کی تحصیل صادق آباد میں ٹڈی دَل نے حملہ کر کے کئی ایکڑ پر کھڑی تیار فصلوں کو تباہ کر دیا جس میں کپاس، گنا اور دیگر فصلیں شامل ہیں۔ ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دَل کے حملے سے سورج مکھی سمیت دیگرفصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

پنجاب کے ضلع وہاڑی میں ٹڈی دل نےمکئی، کپاس اور چارے کی فصلوں کے علاوہ باغات کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ٹڈی دل کے حملے میں کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا تھا جبکہ مرچ، پیاز اور ٹماٹر کی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔


متعلقہ خبریں