اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
اسلام آباد میں شب بھر بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا جو وقفے وقفے سے جاری ہے اور آسمان پر بادلوں کا راج ہے۔
لاہوراور اس کے گردونواح میں ہونے والی بونداباندی، بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
پشاور،مانسہرہ، بٹگرام ، تورغراورکوہستان میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
ہری پور میں ہونے والی بارش سے شہریوں کے چہرے کھل اُٹھے اوروہ بھرپور طریقے سے خوبصورت موسم کا لطف اٹھانے لگے۔
کوئٹہ، پسروراور دیگرعلاقوں میں بھی ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔
وادی نیلم اور اس کے اطراف آٹھ مختلف مقامات پر بارش ہوئی۔ شاردہ، کیل، گریز اور بالائی وادی نیلم میں پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
مظفرآباد، زیریں وادی نیلم، وادی لیپہ، باغ اور پونچھ کے علاقوں میں بھی ہلکی و تیز بارش ہوئی ہے۔
میرپور آزاد کشمیر اور گرد و نواح میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
کمالیہ، گوجرہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، پنڈی گھیب، ڈسکہ، کھاریاں اورجہلم سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار کردیا۔
سرگودھا اورکمالیہ سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی بارش سے گندم کی تیار فصل کو لاحق خطرات نے کسانوں کو سخت پریشان کردیا ہے۔
نوشکی اور قریبی پہاڑوں میں ہونے والی بارش کے باعث خیصار ندی میں سیلابی ریلے جیسی صورتحال ہوگئ۔
سیلابی ریلے اور طغیانی کے سبب نوشکی کا کلی شریف خان، کلی صاحبزادہ اور کلی جمال دینی سمیت دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
محمکہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں گرمی برقرار رہے گی۔