اسلام آباد: صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پاکستان میں امریکی ناظم الامور پال جونز کی جانب سے گزشتہ روز موصول ہونے والے خط کا جوابی خط بھیجا ہے۔
شہباز شریف نے امریکی ناظم الامور کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ماہ رمضان کی مبارکباد پر آپ کا مشکورہوں۔
انہوں نے لکھا کہ رمضان المبارک صبر، خیرسگالی اور سخاوت کے اوصاف کو فروغ دیتا ہے۔
قائد حزب اختلاف نے خط میں امریکی ناظم الامور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں آپ کے قابل قدر کردار کو سراہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کو امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور پال ڈبلیو جونز کا خط
صدر مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں امریکی تعاون قابل تحسین ہے۔
شہباز شریف نے خط میں تحریر کیا کہ ہم امریکہ کے ساتھ پاکستان کے طویل المدتی معاشی تعاون کے خواہاں ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث امریکہ میں ہونے والی اموات پر شہباز شریف نے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ عالمی وبا سے امریکہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔
قائد حزب اختلاف نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ دنیا بھر کے انسانوں کو کورونا سے جلد نجات مل سکے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف کو پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور پال ڈبلیو جونز نے خط لکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا چھوٹے کسانوں کے قرضوں کی ادائیگی ایک سال تک موخر کرنے کا مطالبہ
پال ڈبلیو جونز کی جانب سے لکھے گئے خط میں شہباز شریف کو رمضان المبارک کی مبارک باد دی گئی۔
امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور نے خط میں تحریر کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اشتراک عمل پر بات چیت ہوئی ہے۔
پال جونز نے خط میں لکھا کہ امریکہ اور پاکستان کورونا وائرس کے معاشی اثرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے شراکت داری کررہے ہیں۔
امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور نے لکھا کہ امریکہ اور پاکستان کا صحت کے شعبے میں وسیع تعاون جاری ہے۔
خط کے متن کے مطابق انہوں نے بتایا کہ امریکہ نے احساس ایمرجنسی پروگرام کے لیے پاکستان کو 50 لاکھ ڈالر کی مدد فراہم کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کے متعلق وزیر خارجہ کا او آئی سی ممبر ممالک کو خط
انہوں نے لکھا کہ یہ امداد پاکستان میں 70 ہزار خاندانوں کو خوراک اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے فراہم کی گئی۔
پال جونز کے مطابق غذایت کی کمی کا شکار بچوں کے لیے امریکہ نے 336 میٹرک ٹن خوراک بھی پاکستان کو فراہم کی ہے۔
شہباز شریف کے نام لکھے گئے خط میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور نے بتایا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے لیے امریکہ نے 15 ملین ڈالر نئی فنڈنگ کا وعدہ بھی کیا۔