لاہور: پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین کی جانب سے عطیہ کردہ کورونا سے متعلقہ امدادی سامان لیکر لاہورپہنچ گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور ایئرپورٹ پر چین سے آنے والا امدادی سامان وصول کیا۔
چین نے 100ملین روپے مالیت کا امدادی سامان پنجاب حکومت کو عطیہ کیا ہے۔
اس موقع پرعثمان بزدار نے کہا کہ چینی صوبے شینڈونگ، جیانگسو اورننگزیا کی جانب سے حفاظتی لباس اورضروری سامان کا عطیہ مضبوط پاک چین تعلقات کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں پرسنل پروٹیکٹو ایکیوئمنٹس (PPEs)بھجوانے پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔۔ چین نے ہرآزمائش میں پاکستان کے عوام کی مدد کی ہے۔پاکستان اور چین کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ چین کی جانب سے ملنے والے سامان میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹس، پروٹیکٹو سوٹس، این 95ماسک، سرجیکل ماسک، گلوز، ڈسپوازیبل میڈیکل پروٹیکٹوز شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ سامان کورونا سے بچاؤ کے لئے فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹروں، ہیلتھ پروفیشنلز،جینی ٹوریل سٹاف کو دیا جائے گا۔ پنجاب میں اس وقت 62کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونیوالی 8 بی ایس ایل تھری لیب فنکشنل ہو چکی ہیں۔ صوبہ پنجاب میں ہوم آئسولیشن کا نوٹیفکیشن جاری ہوچکاہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ معمولی علامات والے کورونا مریضوں کو ہوم آئسولیشن میں رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق ایس او پیز تشکیل دئیے ہیں اور ان ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا-لاک ڈاؤن میں نرمی کا مقصد معیشت کے رکے پہیے کو حرکت میں لانا اور دیہاڑی دار طبقے کو روزگار فراہم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام، تاجربرادری اور صنعتکاروں سے اپیل کرتاہوں کہ سب احتیاطی تدابیر اورایس او پیز پر عمل کریں۔ مریضوں کے علاج کے لیے خود کو خطرے میں ڈالنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمارا بااعتماد دوست ملک ہے۔ مشکل کی گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اوردیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔
