ٹوکیو: جاپانی ائر لائنز نے ائر ہوسٹس پر عائد مخصوص لباس کی پابندیاں ہٹالیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جاپانی ائر لائنز کی ملازم خواتین کے لیے کام کے دوران اب اونچی ایڑی کا جوتا اور اسکرٹ پہننے کی پابندی نہیں ہو گی۔
جاپانی ائر لائنز کی ائر ہوسٹس کو شکایت تھی کہ اونچی ایڑی والی جوتیاں تکلیف دہ ہوتی ہیں اور انہیں کا کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے انہیں بھی مردوں کی طرح لباس اور جوتے منتخب کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔
جاپانی ائر لائنز میں کام کرنے والی تقریباً 6 ہزار خواتین کو اب لباس کے انتخاب کی آزادی مل گئی ہے اور ائر لائنز کے اس فیصلے کا ائر ہوسٹس نے خیر مقدم کیا۔
ائر ہوسٹس کا کہنا تھا کہ اس طرح کی پابندیاں صرف ائر لائنز ہی نہیں لگاتیں بلکہ اس میں بڑے بڑے ہوٹل، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، بینک اور دیگر ادارے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوسرے ادارے بھی جاپان ائر لائنز کی تقلید کریں گے۔
