اعلیٰ سول وعسکری حکام کا ایکسپو سنٹر کراچی کا دورہ


کراچی: ایکسپو سنٹر کراچی میں قائم قرنطینہ کے معائنہ کے لیے اعلیٰ سول و عسکری حکام نے سنٹر کا دورہ کیا۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پاک آرمی کی جانب سے قرنطینہ سنٹر قائم کیا گیا۔

اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے کیمپ کا دورہ کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا اور مریضوں کوسہولت اور صحت کے اصولوں کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اس موقع پر اعلیٰ سول اور عسکری حکام کو بتایا گیا کہ مریضوں کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کی مکمل تائید کریں گے، بلاول بھٹو

انہیں آگاہ کیا گیا کہ کیمپ میں حفاظتی اسپرے کیا جا رہا ہے جب کہ طبی اورسیکیورٹی عملہ بھی تعینات ہے۔

خیال رہے کہ ایکسپو سنٹرمیں پاکستان آرمی کی جانب سے آئسولیشن سنٹر قائم کیا گیا ہے، قرنطینہ سنٹرمیں سندھ حکومت اور اۤرمی کی ٹیمیں مل کر کام کررہی ہیں۔

قبل ازیں شہر قائد کے نجی اسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کا مریض چل بسا تھا۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو کے مطابق 77 سالہ شخص شوگر اور کینسر کا مریض تھا اور ان میں کورونا وائر س کی تشخیص بھی ہوئی تھی۔

اس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث دو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا جبکہ ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 450 سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کوروناکیسز کی تعداد450 سے تجاوز کر گئی

سندھ میں سب سے زیادہ دوسو پینتالیس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں اکاسی، پنجاب میں اٹھہتر مریض، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں چوبیس، خیبرپختون خوا میں اڑتیس افراد متاثر اور اسلام آباد میں کورونا کے آٹھ مریض سامنے آئے۔

پنجاب نے سندھ جانے والی تمام ٹرانسپورٹ بند کر دی ہے اور بلوچستان حکومت نے بھی بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں