راولپنڈی میں کورونا مینجمنٹ سینٹر قائم


راولپنڈی: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کا اچانک دورہ کیا جس میں انہوں نے کورنا مینجمنٹ سنٹر کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا مینجمنٹ سینٹر میں مریضوں کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا اور کورونا مینجمنٹ سینٹر کے مختلف وارڈز کا معائنہ بھی کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا مینجمنٹ سینٹر میں علاج معالجے کی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کا خطرہ، گلگت بلتستان کے تعلیمی ادارے یکم اپریل تک بند رہیں گے

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں 50 بستروں پر مشتمل کورونا مینجمنٹ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، خدانخواستہ ضرورت پڑنے پر بستروں کی تعداد بڑھائی بھی جاسکتی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں، پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص کیلیے ضروری کٹس منگوا لی گئی ہیں، پنجاب میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جاری ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے جب کہ ایئرپورٹس پر اسکریننگ کا عمل بھی مزید موثر بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: قومی اسمبلی کااجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

عثمان بزدار ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں اور ہاتھ بار بار دھوئیں۔

راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے وزیراعلیٰ کو کورونا مینجمنٹ سینٹر کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر اور متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ  موجود تھے۔


متعلقہ خبریں