خیبر پختون خوا: بارشوں کے باعث حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی


پشاور: خیبر پختون خوا میں چھت گرنے اور دیگر حادثات میں مزید آٹھ افراد دم توڑ گئے جبکہ صوبے میں تین روز کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق بارشوں نے خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں تباہی مچائی ہے۔

مردان میں مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں صادق نامی شخص اور اس کا 8 سالہ بیٹا حسنین جاں بحق ہو گئے۔

صوابی میں  چھت گرنے سے ایک شخص چل بسا۔ ایک اور واقعے میں بھوسے کے ڈھیر تلے دب کر دو بچے جان کی بازی ہار گئے۔

خیبر کی تحصیل باڑا میں مکان کی چھت گرنے سے بھی دو بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ تین خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے۔ مہمند میں مکان کی چھت گرنے سے 13 سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت، ہاتھی نے رات بارش میں گزاری

دوسری جانب ملک کے پہاڑی اور شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملکہ کوہسار مری میں برفباری ہو رہی ہے ۔

ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ دو روز سے  وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹریفک پولیس نے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ صرف پیٹرول گاڑی پر ہی مری آئیں۔ آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ رک نہ سکا۔

بالائی علاقوں کو جانے والی متعدد شاہراہیں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہیں۔

یہ بھی جانیں: ملک کے مختلف علاقوں میں پانچویں روز بھی بارش اور برفباری

وادی لیپہ کو جانے والی مین شاہراہ کھل نہ سکی۔ وادی نیلم  کے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں تا حال بند ہیں۔

وادی لیپہ میں بھی شدید برفباری کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مظفر آباد، راولاکوٹ، باغ،  پلندری، میرپور اور بھمبر میں بارش جاری ہے۔

شانگلہ میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے تاہم بالاٸی علاقوں کی رابطہ سڑکیں ہر قسم  کی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

ملک کے اکثر علاقوں میں بارشوں کی شدت میں کمی آئی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بادل چھائے ہوئے ہیں اور آج صبح بارش بھی ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران وقفے وقفے اکثر علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔


متعلقہ خبریں