کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 30 دنوں میں قبضے ختم کرائیں گے۔
کیمپ آفس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے کراچی اربن ٹرانسپورٹ کمپنی (کے یو ٹی سی) ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن عدالت کے حکم پر اب یہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ آج وزیر اعلیٰ سندھ اور اعلیٰ افسران سے تاریخی ملاقات کی۔فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب سندھ اور وفاقی حکومت ملکر کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) بحال کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ریلوے کی زمین 140 فٹ ہے مگر پہلے فیز میں 50 فٹ تک قبضہ ختم کرا رہے ہیں۔ یہ یقین رکھنا ہے کہ یہ زمین ریلوے کی ہے۔ ہم پہلے مرحلے میں 4 کلومیٹر کی زمین پر قبضہ ختم کرائیں گے۔ اگلے مرحلے میں متاثرین کو زمین یا کیش کے طور بحال کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ گیلانی اسٹیشن سمیت دیگر 24 اسٹیشنز بن رہے ہیں۔ ریلوے افسران کی تجاوزات بھی ختم ہونگی۔ خالی جگہوں پر پکٹ لگائی جائیں گی۔حیات ریجنسی سے تمام قبضے ختم کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: میئرکراچی، کے ایم سی اور دیگر ادارےفٹ پاتھوں پرتجاوزات فوری ختم کرائیں، عدالت
شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے پل بنانے اور فناننسنگ کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ برج فنانسنگ کے لیے سندھ اور وفاقی حکومت دس دس ارب ادا کرے گی۔ یہ باتیں غلط ہے کہ سندھ اور وفاق کے درمیان اختلاف ہیں۔ ہم کے سی آر پر ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم نے ایک کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس میں گریڈ 19 سے گریڈ 21 کے افسر مقرر ہونگے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالت میں اپیل کریں گے تمام فنانس کا مسئلہ سی پیک سے وابستہ ہے اس میں وہ یہ سب مکمل ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ مارچ میں سیاسی افق پر ہلکی پھلکی موسیقی ہوگی، مارچ صرف مارچ تک رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز باہر نہیں جارہی ہیں۔ عدالت ان کے باہر جانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے تو وہ اس پر دیکھیں گے۔ عدالت کے سامنے منتخب حکومتیں سرنڈر کرتی ہیں۔ اگر مریم کو عدالت جانے دے گی تو ہم کیا کرسکیں گے۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کو 3 ماہ میں آپریشنل کرنے کا حکم دے دیا
شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں چینی اور آٹے کا بحران ضرور پیدا ہوا ہے اور عمران خان اس بات کو تسلیم کرچکے ہیں۔ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے حکومت کی کوتاہی تسلیم کی ہے۔ ہم دیگر معاملات حل کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے خلاف مارچ نہیں کریں گی۔مولانا فضل الرحمان نے مارچ کیا تو اب کی بار ان کے ساتھ وی آئی پی سلوک نہیں ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ پنجاب کی فرانزک لیب کی رپورٹ نے میری بات سچ ثابت کردی کہ لیاقت پور میں ٹرین میں آگ سلنڈر پھٹنے سے لگی تھی۔ سلنڈر پہلے پھٹا یا شارٹ سرکٹ ہوا، لیکن ثابت ہوچکا ہے کہ آگ سلنڈر سے لگی۔ یہ کوتاہی ریلوے کی تھی۔