اثاثے گروی رکھ کر ملک کو مقروض کرنے والے قوم کے ہمدرد بن رہے ہیں، فردوس عاشق

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملکی اثاثے گروی رکھ کر ملک کو مقروض کرنے والے آج قوم کے ہمدرد بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مریم اورنگزیب کے بیان کے جواب میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ مریم اورنگزیب صاحبہ لٹیروں کو وزیراعظم عمران خان اپنی سیاسی موت کا فرشتہ دکھائی دیتے ہیں۔ قوم کو وہ وقت نہیں بھولا جب فیصل آباد میں پاور لومز اور عام مزدوروں نے لٹیرا لیگ کو کارخانوں اور فیکٹریوں کی چابیاں دی تھیں۔


ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ زعفرانی ہانڈی کھانے والے مغل بادشاہ کے دور میں ایک ہی گھرانہ ترقی کر رہا تھا اور مرغی، انڈے کے نرخ بھی گھر میں ہی بنتے تھے۔ اسحاق ڈار کی باتیں غریبوں کو نہیں بھولیں جو کمر توڑ مہنگائی اور دالیں سبزیاں مہنگی ہونے پر لوگوں کو مرغی کھانے کے مشورے دیتے تھے۔

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ ملکی اثاثے گروی رکھ کر ملک کو مقروض کرنے والے آج قوم کے ہمدرد بننے کی کوشش کررہے ہیں تاہم رہزن کبھی رہبر نہیں بن سکتے۔ وہ مفرور جس کی منفی معاشی پالیسیوں سے ملک کی اقتصادی صورتحال تباہی کے دہانے پر پہنچی اسے ہیرو بنانا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔


متعلقہ خبریں