لاہور: عدالت عالیہ لاہور نے سابق ڈی جی لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) احد چیمہ کی سٹی کرپشن کیس میں درخواست ضمانت منظور کرلی ہے لیکن ان کی رہائی عمل میں نہیں آئے گی کیونکہ ابھی دو مزید مقدمات میں ان کی ضمانتیں ہونا باقی ہیں۔
سپریم کورٹ کا احد چیمہ سے اضافی تنخواہ واپس لینے کا حکم
ہم نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی، آشیانہ اقبال اور آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے میں دائر درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ 23 ماہ سے احد چیمہ گرفتار ہیں لیکن ڈیڑھ سال سے ایل ڈی اے سٹی کا ریفرنس ہی پیش نہیں کیا گیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر فیصل بخاری نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے روبرو ایل ڈی اے نے متاثرہ افراد کو پلاٹس دینے کی یقین دہانی کروائی ہے لہذا اب مزکورہ کیس میں اگر ضمانت منظور کرلی جائے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
نیب پراسیکیوٹر نے آشیانہ اقبال اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عدالت کو بتایا کہ نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھراونہ دلائل دیں گے۔
اس مؤقف پر دوران سماعت عدالت عالیہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیس آدھا مکمل ہو چکا ہے اور پراسکیوٹر تبدیل ہو رہا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ نے نیب پراسکیوشن کی استدعا منظور کرتے ہوئے مزید سماعت آئندہ ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔
احد چیمہ کی اہلیہ سے ملاقات! دہرا معیار سامنے آگیا
احد چیمہ کو ایل ڈی اے سٹی میں ضمانت مل گئی لیکن تاحال ابھی بھی رہائی کے پروانے کے لیے ان کی آشیانہ اقبال اور آمدن سے زائد اثاثہ جات مقدمات میں ضمانتیں منظور ہونا باقی ہیں۔