’پنجاب جیسا بڑا صوبہ تجربات سے نہیں چلایا جا سکتا‘


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب جیسا بڑا صوبہ تجربات سے نہیں چلایا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں پنجاب میں گورننس کے طریقہ کار پر شدید تحفظات ہیں۔ گورننس کے مسائل حل نہ ہوئے تو کل لوگوں کا سامنا کیسے کریں گے؟

پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی سنا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم ہم سے ملنے آ رہی ہے۔ جب مل بیٹھیں گے تو دیکھتے ہیں کیا بات ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلہ ہمارے مطمئن ہونے کا نہیں، پارٹی قیادت سے کیے گئے وعدوں کا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اسلام آباد آ رہے ہیں، ہو سکتا ہے وہ وزیراعظم سے ملنے آ رہے ہوں۔

طارق بشیر چیمہ نے کا کہنا تھا کہ اگر ہماری پارٹی قیادت  شامل نہیں ہو گی تو حکومت سے مذاکرات بے سود رہیں گے۔ ہمارا وفاقی یا صوبائی کابینہ میں وزارت کا کوئی مطالبہ نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی بیورو کریسی کام کی وجہ سے پارٹی رہنما پرویز الہی کی عزت کرتی ہے۔

خیال رہے کہ طارق بشیر چیمہ نے کل کے ہونے والے وقاقی اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے طارق بشیر چیمہ کی جانب سے کابینہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا تھا۔


متعلقہ خبریں