اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس، قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل نو

United Nation

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزریراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے۔

قومی و اسڑٹیجک فیصلوں کا اہم ترین فورم بارہ اراکین پر مشتمل ہوگا اور اس کے چیئرمین وزیراعظم ہوں گے۔

وزیر دفاع پرویزخٹک، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی نیشنل سیکیورٹی ڈویژن، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کی تشکیل نو کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس بہت جلد طلب کیا جائے گا جس میں پاکستان اور بھارت میں موجود اقوام متحدہ کے فوجی مبصروں کی رپورٹ زیر غور آئے گی۔

گزشتہ ماہ سلامتی کونسل نے مبصروں کو لائن آف کنٹرول کی صورت حال پر رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔ فوجی مبصروں کی رپورٹ میں ایل او سی پر بلا اشتعال خلاف ورزیوں کا تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سلامتی کونسل کا اجلاس بہت جلد متوقع ہے اور چین نے اجلاس بلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مقبوضہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا یہ دوسرا ان کیمرہ اجلاس ہوگا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس اس وقت ہو رہا ہے جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابندیاں 163 ویں روز میں داخل ہو چکی ہیں۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر سلامتی کونسل کا اجلاس گزشتہ سال 16 اگست کو ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں