ایف بی آر نے چھ ماہ میں 16.3 فیصد زائد ٹیکس اکٹھا کیا


اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 16.3 فیصد اضافے کے ساتھ 2,083 ارب روپے کا  ٹیکس اکٹھا کیا ہے۔

ایف بی آر نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ ٹیکس وصولیاں  پچھلے سال کے مقابلے میں 16.3 فیصد زیادہ ہیں۔ ٹیکس جمع کرنے کے حوالے سے مالی سال 16-2015 سے اب تک یہ بلند ترین اضافہ ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ معاشی حالات سازگار نہ ہونے کے باوجود یہ اضافہ ایف بی آر کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔

ایف بی آر کے مطابق سال کی پہلی سہ ماہی میں درآمدات میں دانستہ کمی کے باعث 2,367 ارب کے ٹیکس ہدف کو نظرثانی کے بعد 2,197 ارب روپے کر دیا گیا تھا ۔

درآمدات میں کمی کا یہ رحجان دوسری سہ ماہی میں بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں امپورٹ پر ٹیکسوں میں کمی کا سامنا کرنا پڑا۔

اعلامیہ کے مطابق درآمدات میں پانچ ارب ڈالرز سے زائد کمی کے نتیجے میں جہاں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ کی صورت حال بہتر ہوئی وہاں حکومت کے ٹیکس ذرائع میں کمی واقع ہوئی۔

ہر ایک ارب ڈالر کی درآمدات کی کمی کے نتیجے میں تقریبأ 56 ارب روپے کا ٹیکس خسارہ واقع ہوتا ہے۔ اگر اس حساب سے دیکھا جائے تو ایف بی آر اپنے ٹارگٹ کے مطابق ٹیکس جمع کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں