سانحہ اے پی ایس کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، آرمی چیف

’چھ ماہ کو تین سال سمجھا جائے، آرمی چیف جمہوریت کی خاطر حکومت کیساتھ ہیں‘

فائل فوٹو


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کو کبھی فراموش نہیں جائے گا۔

سانحے کی پانچویں برسی کے موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں آرمی چیف کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ اسکول حملے میں ملوث پانچ دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جاچکا ہے جن کو فوجی عدالتوں کے ذریعے سزا سنائی گئی تھی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشتگردی کو ناکام بنانے کے لیے بطور قوم ہم نے طویل جدوجہد کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں دیرپا امن اور خوشحالی کے لیے متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔

اس موقع پر انہوں نے شہدا اور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کیا۔

پشاور کے اے پی ایس میں ہونے والے دہشت گرد حملے کو پانچ سال بیت گئے مگر زخم آج بھی تازہ ہیں۔

16 دسمبر 2014 کو سفاک دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے 132 معصوم بچوں سمیت 149 افراد کو بے دردی سےشہید کر دیا تھا۔

علم کی روشنی پھیلانے والے اساتذہ نے بھی اپنی جانیں قربان کیں۔ دہشت گرد علم کی شمع بجھانے کا ناپاک ارادہ لے کر آئے مگر کامیاب نہ ہو سکے۔ لہو سے جلے علم کے چراغ آج بھی روشن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اے پی ایس کے شہدا نے قوم کو متحد کیا، وزیراعظم

16 دسمبر 2014 کا سورج معمول کے مطابق طلوع ہوا۔ آنکھوں میں خواب سجائے آرمی پبلک اسکول پشاور کے طلبا اور طالبات نے اسکول کا رخ کیا کہ اس دوران دس بج کر 40 منٹ پر چھ دہشت گردوں نے اسکول پر حملہ کر دیا۔

پشاور کی فضا دھماکوں اور گولیوں کی آوازوں سے گونج اٹھی، جدید اسحلے سے لیس امن دشمنوں نے نہتے بچوں اور اساتذہ کو نشانہ بنایا۔

انسانیت کے لفظ سے ناآشنا افراد نے 132 بچوں سمیت 149 افراد کو شہید کر دیا۔اس سانحے سے بہادری اور جرات کی کئی داستانیں بھی جڑ گئیں ۔

 


متعلقہ خبریں