لاہور: پی ایس ایل سیکورٹی پلان منظوری کے لیے پیش

فائل: فوٹو


لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہورمیں ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچوں کا سیکورٹی پلان حتمی منظوری کے لیے پنجاب کابینہ کمیٹی کے سامنے پیش کردیا گیا ہے۔

پی ایس ایل کے دو پلے آف میچز 20 اور 21 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

سیکورٹی پلان کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں  فورسز نے حفاظتی انتظامات کے حوالے سے ریہرسل کی، جس میں ڈولفن اسکواڈ اور ریسکیو حکام نے شرکت کی۔

سیکورٹی فورسز نے جاسوس کتوں کی مدد سے پورے اسٹیڈیم کی تلاشی لی۔ جس کا مقصد اس بات کی یقین دہانی تھا کہ گراؤنڈ میں کوئی مشکوک شے تو موجود نہیں۔

رائےونڈ میں بدھ کے روز ہونے والے خودکش بم حملے سے پی ایس ایل میچز کے متاثر ہونے کا خطرہ ظاہر کیا جارہا تھا کیوں کہ لاہور کا یہ مضافاتی علاقہ قذافی اسٹیڈیم سے صرف 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سیکورٹی حکام پرامید ہیں کہ 20 اور 21 مارچ کو ہونے والے میچز اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ اس حملے کا ان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

سیکورٹی پلان کے مطابق دونوں میچوں کے آغاز سے تین گھنٹے قبل میٹرو بس سروس بند کردی جائے گی جب کہ رینجرز کی دو کمپنیاں بھی حفاظتی انتظامات کے لیے موجود ہوں گی۔

مقابلوں کے دوران سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اسٹیڈیم کے اندر اور باہر موجود ہوں گے جو حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔


متعلقہ خبریں