غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی درخواست منظور

فائل فوٹو


اسلام آباد ہائی کورٹ نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مزید دستاویزات جمع کرانے کی درخواست منظور کر لی ہے۔

عدالت عالیہ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست منظور کی۔ ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن میں زیرالتوا پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تفصیلات بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنائیں جائیں۔

جج نے ہدایت کی کہ ثقلین حیدر اعوان کے لاء آفیسر مقرر ہونے کا نوٹیفکیشن بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی آئی کو 2017 میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی تفصیلات جمع کرانے کی اجازت بھی دی اور مرکزی کیس 20 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے 10 اکتوبر کے حکم کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے اور غیرملکی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کرنے والی کمیٹی کو کام سے روکنے کی استدعا  کی ہے۔

پی ٹی آئی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیاہے کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل مکمل نہ ہونے کے باعث 10 اکتوبر کے حکم کا کوئی قانونی جواز نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا 10 اکتوبر کا آرڈر کاالعدم قرار دیا جائے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے فیصلے میں غیر ملکی فنڈنگ کیس سے متعلق چار درخواستیں مسترد کرتے ہوئے اسکروٹنی کمیٹی کو کام جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں