لاہوریوں نے دو ماہ میں چار لاکھ سے زائد جھوٹی کالز کیں


لاہور:لاہوریوں نے ایمرجنسی کال سینٹر کو مذاق کا نشانہ بنا کر اپنے ’فارغ‘ ہونے کا ثبوت تو دیا ہی لیکن چار لاکھ سے زائد جھوٹی کالز بھی کر ڈالیں۔

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی (پی ایس سی اے) کے مطابق صرف دو ماہ میں لاہوریوں نے چار لاکھ 38 ہزار 800 جعلی یا جھوٹی فون کالز کیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 15 ہیلپ لائن کو کل پانچ لاکھ 61 ہزار 815 فون کالز موصول ہوئیں۔ 51 ہزار 806 درست فون کالز پر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے فوری کارروائی کی۔

یکم جنوری سے 28 فروری 2018 کے درمیان ہیلپ لائن پر کال کرکے 30 ہزار 486 شہریوں نے مختلف معلومات حاصل کیں۔

لاسٹ اینڈ فاؤنڈ ایپلیکیشن اور 15 ہیلپ لائن کے ذریعے 129 گاڑیاں مالکان کے حوالے کی گئیں۔ اس دوران شہریوں نے چارہزار815 شکایات چوری ڈکیتی کی وارداتوں کے متعلق رجسٹرڈ کرائیں۔

15 کو موصول ہونے والی 1194 کالز خواتین کے ساتھ کی جانے والی بدتمیزی سے متعلق تھیں۔ اقدام قتل کی 39، اغوا کی 494 اور ہوائی فائرنگ کی 1520 شکایات شہریوں نے 15 پر رجسٹرڈ کرائیں۔

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق لاؤڈ اسپیکرایکٹ کی خلاف ورزی پر 30، سڑک بلاک کی 194 اور موٹر سائیکل چھیننے کی 84 کالز موصول ہوئیں۔

ریسکیو کے لئے 3945، فائر بریگیڈ کے لئے 423 اور ٹریفک مسائل کے حوالے سے 7716 شہریوں نے کالز کیں۔

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جھوٹی یا غیر ضروری کال کرنے سے اجتناب برتیں۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp