اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی رعایت کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں دھرنا اگر ہوا تو ڈی چوک پر ہو گا۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما سینیٹر عبدالغفور حیدری نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو جعلی انتخابات کے ذریعے قوم پر مسلط کیا گیا اور حزب اختلاف کا متفقہ مؤقف ہے کہ ملکی تاریخ میں ایسی بدترین دھاندلی کبھی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف نے دھاندلی کے بیانیے پر ملک بھر میں 15 ملین مارچ کیے اور جب حکومت کو آئینہ دکھتے ہیں تو حکومتی اراکین کو بُرا لگتا ہے۔
سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دھرنے میں ڈھول باجے لائے گئے تھے جبکہ آزادی مارچ کے 11 دنوں میں ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا۔ پی ٹی آئی کا دھرنا سول نافرمانی، تعفن، گندگی، بدامنی سے بھرپور تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے میں وزیر اعظم ہاؤس، پارلیمنٹ ہاؤس اور سرکاری ٹی وی چینل ( پی ٹی وی) پر حملے کیے گئے تھے، پی ٹی آئی کے دھرنے میں شیخ رشید نے کھلے عام جلاؤ گھیراؤ اور مار دھاڑ کی بات کی تھی۔
رہنما جے یو آئی ف نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے کوئی رعایت نہیں چاہتا اور ان کی رعایت کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ کشمیر ہائی وے پر آزادی مارچ ہے دھرنا نہیں اور اگر دھرنا ہوا تو نقشہ کچھ اور ہو گا۔ دھرنا ہوا تو ہو سکتا ہے ڈی چوک پر ہو۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد میں نام نہاد آزادی مارچ یرغمالی مارچ بن چکا ہے، فردوس عاشق اعوان
انہوں ںے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے میں لٹھ بردار شامل تھے جنہوں نے سرکاری عمارتوں پر حملے کیے۔ یہاں لاک ڈاؤن جے یو آئی نے نہیں بلکہ حکومت نے کیا ہے۔
عبدالغفور حیدری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سیکیورٹی کے نام پر اسلام آباد کی شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر رکھا ہے جبکہ لاہور میں ہمارے احتجاج کے دوران میٹرو بس سروس بھی چلتی رہی تھی۔