تحریک انصاف کا وزیراعظم کے نام کھلا خط


لاہور: تحریک انصاف کی مرکزی رہنما عندلیب عباس نے وزیراعظم سے سوال کیا ہے کہ امیروں اور مخصوص افراد کے لیے قوانین الگ کیوں ہیں ؟  مخصوص لوگ قومی وسائل کو ذاتی جائیداد سمجھ کر استعمال کیوں کرتے ہیں ؟

عندلیب عباس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط ارسال کیا ہے جس میں وزیراعظم کو ان کی ہمشیرہ کی نااہلی سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔

عندلیب عباس نے وزیراعظم کو خط میں لکھا کہ محب وطن پاکستانیوں کا فرض ہے کہ حق اور سچ کے لیئے جدوجہد جاری رکھیں چاہے ناممکن کے قریب ہی کیوں نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی امیدوار برائے سینیٹ سعدیہ عباسی نامکمل مالی تفصیلات اور دوہری شہریت کی وجہ سے سینیٹ انتخابات کے لیئے اہل نہیں ہیں۔ یہ ایک عمومی قانون ہے جو آپ کی جماعت کی نامزد امیدوار اور آپ کی ہمشیرہ پر لاگو ہوتا ہے۔

عندلیب عباس نے سعدیہ عباسی کے خلاف خط میں لکھا کہ الیکشن کمیشن نے میری درخواست کے باوجود سعدیہ عباسی کے کاغذات منظور کرلیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے خلاف میری درخواست ہائی کورٹ سے بھی خارج کردی گئی کیونکہ وزارت داخلہ نے سعدیہ عباسی کی دہری شہریت ختم ہونے کی تصدیق پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہری شہریت کا حصول یا چھوڑنا ایک طویل مدتی طریق کار پر مبنی ہوتا ہے یہ چار دن میں نہیں ہوسکتا ہے۔ یہ لڑائی سینیٹ کی سیٹ کی نہیں اصول اور ضمیر کی لڑائی ہے۔


متعلقہ خبریں