لاہور: عدالت عالیہ لاہور نے پنجاب کے سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر ملک اللہ بخش کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے توہین عدالت کیس میں جواب طلب کر لیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے سیکرٹری تعلیم پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست محمد عثمان امین کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وہ قواعد و ضوابط کے تحت ایلیمنٹری سکول ایجوکیٹر بھرتی ہوا۔ جعلی دستاویزات پر بھرتی کے الزام میں اس کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی۔
شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ عدالت نے اس کی اپیل دادرسی کے لیے سیکرٹری تعلیم پنجاب کو بھجوائی تھی لیکن6 جنوری کے حکم کی ابھی تک تعمیل نہیں کی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت معاملے کا نوٹس لے اور توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔