ڈی ایس پی ٹریفک پولیس نے شہری کو لوٹ لیا، مقدمہ درج

فوٹو: فائل


اسلام آباد: راولپنڈی ٹریفک پولیس کے افسر نے شہری سے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے لوٹنے کے بعد سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔

قانون کے رکھوالے ہی قانون شکن بن گئے۔ راولپنڈی پولیس افسر ڈی ایس پی ٹریفک ابرار سرور کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مدعی مقدمہ نے ایف آئی آر میں الزام عائد کیا ہے کہ ڈی ایس پی ٹریفک کے فراڈ کے خلاف مختلف افسران سے رابطہ کیا جن میں آر پی پی راولپنڈی ڈویژن محمد احسان طفیل، سی پی او راولپنڈی فیصل رانا، ڈی سی راولپنڈی محمد علی رندھاوا شامل ہیں تاہم انہوں نے بھی میری داد رسی نہیں کی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ابرار سرور نے 34 پلاٹ شہری کو فروخت کرنے کا جھانسہ دے کر ایک کروڑ 25 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ مدعی نے ڈی ایس پی ٹریفک کو چیک کے ذریعے رقم دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں پنجاب کے پولیس افسران کا جرائم پیشہ افراد سے رشوت لینے کا انکشاف

ٹریفک پولیس افسر ابرار سرور نے شہری کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں، پولیس افسر کے مقدمہ درج ہونے کے باوجود اپنے عہدے پر براجمان ہیں اور ان کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

گزشتہ ماہ خفیہ رپورٹ جاری کی گئی تھی میں پنجاب کے 28 پولیس افسران کا جرائم پیشہ افراد سے رشوت لینے کے بعد کروڑ پتی بن جانے کا انکشاف ہوا تھا۔ رشوت لینے والوں میں 14 ڈی ایس پیز اور 14 ایس ایچ او اور انسپکٹرز شامل تھے۔


متعلقہ خبریں