ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

ایل او سی کی خلاف ورزی، پاکستان کا بھارت سے احتجاج

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر اجے بساریا کو ڈی جی سائوتھ ایشیا وسارک ڈاکٹرمحمد فیصل نے طلب کیا اور کہا کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ روز کنٹرول لائن کے شادرہ، شاہ کوٹ اور دیگر سیکٹرز پربلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک شخص شہید جبکہ 9 معصوم شہری زخمی ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی طرف جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، حالیہ دو سالوں میں 1970مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی عظمت، بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

پاکستان نے بھارت پر 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہوسکتی ہے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے۔


متعلقہ خبریں