کراچی پولیس کے واٹس ایپ گروپ کی عوام میں شاندار پذیرائی


کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیرشیخ کی ہدایت پر قائم کردہ واٹس ایپ سروس کی عوام میں شاندار پذیرائی دیکھنے میں آئی ہے، اس حوالے سے یکم جنوری سے 30جون تک کے متاثر کن اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں۔

عوام نے مسائل حل ہونے پر سندھ پولیس کو وڈیو اور واٹس ایپ کے ذریعے شکریے کے پیغامات بھی  بھیجے ہیں۔

کراچی پولیس کے مطابق رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں واٹس ایپ شکایات سروس کو1603شکایات موصول ہوئیں، 6ماہ میں واٹس ایپ پر موصول  ہونیوالی شکایات کے نتیجے میں 10پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ایک اہلکار کی تنزلی، ایک کو شوکاز جاری ،ایک کو کوارٹر گارڈ اور 16 پولیس اہلکاروں کا تبادلہ کیا گیا۔ انہی اقدامات کے نتیجے میں شہر بھر کے مختلف تھانوں میں 169ایف آئی آربھی درج کی گئیں۔

پولیس کی طرف سے جاری کی گئیں تفصیلات کے مطابق جنوری میں 276، فروری میں 194، مارچ میں 209شکایات موصول ہوئیں،  اپریل میں 282، مئی میں 316اور جون میں 326شکایات موصول ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ696 شکایات پولیس کے خلاف تھیں جو کل شکایات کا 43.4فیصد ہے،اس کے علاوہ پبلک وائلنس(تشدد) کی 178اور زمینوں پر قبضے کی 135شکایات موصول ہوئیں۔

منشیات  فروشی کی92، دھمکیوں سے متعلق 85، فراڈ کی 83 اور لاپتہ افراد کے حوالے سے  61شکایات موصول ہوئیں۔ ڈکیتیوں کی 53، چھینا جھپٹی کی 52اور چوری کی 45شکایات موصول ہوئیں۔ اسی عرصے میں اغوا کی 22شکایات بھی موصول ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیے:کراچی میں ’پولیس فار یو‘ موبائل ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

کراچی پولیس کی طرف سے دعوی کیا گیاہے کہ 100فیصد شکایات کی چھان بین کی گئی اور مختلف اقدامات کیے گئے۔ جوئے، جنسی زیادتی، بھتے اور فحاشی سے متعلق 100فیصد شکایات نمٹائی گئیں۔ دیگر شکایات پر عمل درآمد کیلئے انہیں متعلقہ محکموں کے سپرد کیا گیا۔


متعلقہ خبریں