حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنےکا اعلان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: حکومت نے جولائی کے مہینے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنےکا اعلان کر دیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ماہ جون کی مقررہ قیمتیں جولائی میں بھی نافذالعمل ہوں گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیےکیا گیا ہے۔

یاد رہے دو روزقبل اوگرا کی جانب سے حکومت کو پٹروليم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری بھیجی گئی تھی ۔

اوگرا کی طرف سے تیار کی گئی سمری میں ہائی سپيڈ ڈيزل کی قيمت ميں دو روپے تيس پيسے اضافہ تجویز کیا گیا تھا جبکہ پٹرول کی قیمت میں 77پیسے فی لٹر کمی کی سفارش کی گئی تھی۔

اسی طرح لائٹ ڈيزل آئل کی قيمت ميں  بھی 26 پيسے اضافے کی تجويز دی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ  وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں چار روپے چھبیس پیسے اضافہ کر دیا تھا۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل میں چار روپے پچاس پیسے جبکہ مٹی کا تیل ایک روپے انہتر پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا تھا۔

اسی طرح لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت ایک روپیہ اڑسٹھ  پیسے ہوگئی تھی۔ سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت اب 112 روپے 68  مقرر کردی گئی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی نئی قیمت 98 روپے 46 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 88 روپے 62 پیسے مقرر کردی گئی تھی۔

 


متعلقہ خبریں