ن لیگ کے 15 ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات

’ن لیگ کے 15 ارکان پنجاب اسمبلی نے عمران خان سے ملاقات کی ہے‘

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے 15 ارکان پنجاب اسمبلی نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی ہے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے نون لیگی ارکان اسمبلی اپنی جماعت سے امیدیں کھو رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آج وزیراعظم سے ملاقات کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی، ان ارکان اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اپنے ساتھ لائے تھے۔

نعیم الحق نے کہا کہ ملاقات کرنے والے ممبران اسمبلی نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شہباز شریف کا وسط مدتی انتخابات کا مطالبہ

ذرائع کے مطابق ان ارکان میں سے کچھ ہوائی جہاز پر آئے تھے جبکہ باقیوں نے سڑک کے ذریعے سفر کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے مزید ن لیگی ارکان کی ملاقات بھی متوقع ہے۔

اس سے قبل آج شہباز شریف نے وزیراعظم کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے وسط مدتی انتخابات کا مطالبہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں