کیا حسن علی کا ورلڈ کپ اختتام کو پہنچ گیا؟


مانچسٹر: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی ورلڈ کپ 2019 میں فارم سرفراز الیون کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے ہیرو نے گزشتہ آٹھ میچز میں صرف چار وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ تقریباً ہر میچ میں ہی انہیں بلے بازوں کی جانب پٹائی کا سامنا کرنا پڑا۔

آج بھارت کے خلاف میچ کے آغاز میں ایک اینڈ سے عامر اچھی گیند بازی کررہے تھے تاہم دوسرے اینڈ سے حسن علی کی گیندوں پر سلامی بلے باز باآسانی رنز بنا پائے جس کے باعث گرین شرٹس بھارت کو کسی قسم کے دباؤ میں لانے میں ناکام رہی۔

حسن علی نے اپنے نو اوورز میں 84 رنز دیے اور صرف ایک ہی کھلاڑی کو آؤٹ کر پائے۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف میچ میں حسن نے اپنے مقررہ دس اوورز میں 67 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف میچ میں فاسٹ بولر نے اپنے مقررہ اوورز میں 66 رنز دیے تھے جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف حسن علی کے چار اوورز میں 39 رنز بنے تھے۔

کرکٹ پنڈتوں کا خیال ہے کہ حسن علی کی جگہ پاکستانی ٹیم کو آئندہ میچز میں کسی اور کھلاڑی کو موقع دینا چاہیے۔


متعلقہ خبریں