زرداری کی گرفتاری اپوزیشن کے احتجاج میں جان ڈال دے گی ،تجزیہ کار


اسلام آباد:سینئر تجزیہ کار اور ماہر قوانین نے آصف زرداری کی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر کہا کہ آصف زرداری کی گرفتاری سے اپوزیشن کے احتجاج میں جان پڑ جائے گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر سینئر تجزیہ کار محمد مالک نے کہا کہ آصف زرداری سے متعلق فیصلے سے اپوزیشن کے احتجاج کو  تقویت ملے گی اور اب اپوزیشن کے احتجاج میں پیپلز پارٹی بھی بہت زیادہ متحریک نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ فیصلے کے بعد اب بجٹ کے دوران پارلیمنٹ میں شدید احتجاج کیا جائے گا اور اسی احتجاج کے دوران ہی بجٹ کو پاس کر لیا جائے گا۔

محمد مالک نے کہا کہ آصف زرداری خود بھی گرفتار ہونا چاہتے تھے لیکن وہ اپنی میڈیکل رپورٹس کو بنیاد بنا کر جلد ہی اسپتال منتقل ہو جائیں گے تاہم آصف زرداری کی گرفتاری بلاول کی مشکلات میں اضافہ کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو موجودہ حالات میں کسی کی گرفتاری سے زیادہ اپنے گھر کی زیادہ فکر ہے کہ ان حالات میں گھر کا خرچہ کیسے چلایا جائے گا۔ موجودہ بجٹ کے بعد بھی مہنگائی میں مزید اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔

سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ آصف زرداری کا اصل مقصد انور مجید کو بچانا ہے کیونکہ سرمایہ انور مجید کے پاس ہے اور اگر وہ محفوظ رہے گا تو سرمایہ بھی محفوظ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ابھی کوئی تحریک شروع نہیں کی جائے گی اگر سڑکوں پر نکلنا ہوتا تو آصف علی زرداری اور مسلم لیگ نون کی جانب سے یہ کام پہلے ہی کر لیا جاتا، اب عوام گرفتاریوں کے خلاف سڑکوں پر نہیں نکلے گی وہ اب صرف مہنگائی کے خلاف ہی سڑکوں پر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد

سابق نیب ڈپٹی پراسیکیوٹر راجہ عامر عباس نے کہا کہ آصف زرداری کے وارنٹ گرفتای جاری ہوچکے ہیں اور ان کی گرفتاری کسی بھی وقت ممکن ہے اور اگر انہیں گرفتار کر لیا گیا تو ان کی بجٹ اجلاس میں شرکت مشکل ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرین کی گرفتاری کے لیے اسپیکر سے اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی تاہم انہیں پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ انہیں پارلیمنٹ سے باہر آتے ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

راجہ عامر عباس نے کہا کہ آصف زرداری گرفتاری کے بعد ضمانت کے لیے دوبارہ ہائی کورٹ سے ہی رجوع کریں گے اور اگر انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تو وہاں سے بھی انہیں ہائی کورٹ جانے کا کہا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے پارلیمنٹ میں کبھی سنجیدہ رویہ اختیار نہیں کیا ہے اور یہ تو چاہتے ہیں کہ احتساب کا عمل نہ ہو سکے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ صرف مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے قائدین کو ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ آصف زرداری کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد نیب کی ٹیمیں متحرک ہو گئی ہیں اور وہ کسی بھی وقت سابق صدر کو گرفتار کر سکتی ہیں جبکہ نیب کی جانب سے خصوصی سیل بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے آصف زرداری کو آج ہی ہر صورت گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاہم فریال تالپور کی گرفتاری فی الحال نہیں ہو گی۔


متعلقہ خبریں