حلقہ این اے 205 میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ 18 جولائی کو ہوگی

فوٹو: فائل


الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 205  گھوٹکی میں ضمنی انتخابات کے لیے  شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ حلقہ این اے 205میں پولنگ 18جولائی کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق حلقہ این اے 205میں ضمنی انتخابات کے لیے  کاغذات نامزدگی 12 جون سے 14 جون تک جمع کروائے جاسکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال 18 جون کو کی جائے گی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست کا اجراء 26 جون کو کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق امیدواروں کوانتخابی نشان 28 جون کو الاٹ کئے جائیں گے۔ حلقہ این اے 205 میں پولنگ 18 جولائی کو ہوگی۔

حلقہ این اے 205 کی سیٹ سابق وزیر اعلی سندھ و پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کے وفاقی وزیرعلی محمد خان مہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے:وفاقی وزیر سردار علی محمد خان مہر کی نماز جنازہ ادا

یادرہے علی محمد خان مہر گزشتہ ماہ کی 21تاریخ کو اپنے آبائی علاقہ خانپور مہر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے تھے۔

خاندانی ذرائع نے ہم نیوز کو تصدیق کی تھی کہ گزشتہ رات انکی طبیعت خراب ہو نے پر مقامی ڈاکٹر کو رہائش گاہ پر بلایا گیا تھا۔

ڈاکٹر کے مطابق وفاقی وزیر کو دل کا دورہ پڑا جس کے سبب حرکت قلب بند ہونے سے انکی وفات ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما کے انتقال پر سوگ میں ضلع گھوٹکی کی تحصیل خان پورکے تمام بازار بند کر دیے گئےتھے۔ لوگوں کی بہت بڑی تعداد علی محمد خان مہر کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے پہنچی تھی۔

متوفی پرویز مشرف کے دور حکومت میں سن  2002ء سے 2004ء تک سندھ کے وزیر اعلیٰ بھی رہے۔


متعلقہ خبریں