نرالے چور : حساب دینے کے بجائے آنکھیں دکھاتے ہیں ، مراد سعید

نواز شریف ذہنی توازن کھو چکے ہیں، مراد سعید

لاہور: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ میری بستی کے چور نرالے ہیں کیونکہ وہ اپنی چوری کا حساب دینے کے بجائے کوتوال کو ڈانٹتے اور آنکھیں دکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی نگلی ہوئی دولت اگلنے کے علا وہ ان کے پاس نجات کا کوئی راستہ نہیں ہے۔

اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کے جاری کردہ بیانات پر انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کو کسی سیاسی مقدمے کی پیروی کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً چوری اور لوٹ مار کی واردات میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

حکومت نے کرپٹ عناصر سے پانچ سو کروڑ روپے کی ریکوری کر لی ہے، مراد سعید

وفاقی وزیر مراد سعید نے استفسار کیا کہ کرپشن جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو کیسے اجازت دی جاسکتی ہے کہ وہ مشتعل جتھوں کے ساتھ پیشیوں پر آئیں؟ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں نیب کے دفتر پر یلغار دراصل دباؤ بڑھانے اور احتساب کے عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ جمہوریت کے نقاب میں چوروں کا ٹولہ سڑکوں پر تماشے لگانے کی کوششیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم جمہوریت کی اوٹ میں چھپ کر احتساب سے بچنے اور قوم کو بیوقوف بنانے کے بھی خواہشمند ہیں۔

مواصلات کے وفاقی وزیر مراد سعید نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاتی امرا کے ٹھگوں کا احتساب کیا گیا تو انہیں ووٹ کی حرمت یاد آگئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مخالفین کے پاس اپنی سیاہ کاریوں کا نہ کوئی جواب تھا اور نہ ہی ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سیعد نے کہا کہ چوری بچانے کے لیے  جمہوریت کو ڈھال بنانا شرمناک، قابلِ مذمت اور جمہوریت کی ساکھ تباہ کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر یہ یقین دہانی کرارہے ہیں کہ جتنے مرضی تماشے کرلیں حکومت کو کسی دباؤ میں نہیں لا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں