او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس


اسلامی ممالک  کی تعاون تنظیم (او آئی سی )کی وزرائےخارجہ کونسل کا  اجلاس آج سعودی عرب میں ہورہاہے ، پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کرینگے اور اس اہم اجلاس میں باہمی مشاورت سے اسلامی سربراہی کانفرنس کے مسودہ “مکہ اعلامیہ” کو حتمی شکل دی جائے گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے ۔جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ کے رائل ٹرمینل پر سعودی وزارت خارجہ کے چیف آف پروٹوکول جمال ناصر، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر راجہ علی اعجاز اور جدہ قونصلیٹ  میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا استقبال کیا، اس موقع پر سعودی رائل پروٹوکول کے حکام بھی موجود تھے۔

اسلامی سربراہی کانفرنس کے ساتھ ساتھ او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے کشمیر کا اجلاس بھی متوقع ہے جو کہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

کشمیر گروپ کے اجلاس میں کشمیر کی جاری صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس اجلاس میں کشمیر کے حقیقی نمائندے، رابطہ گروپ کو کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے۔

سعودی عرب روانگی سے قبل  ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں جہاں  او آئی سی سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ اجلاس اس لیے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے کہ اس اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک نیا امن منصوبہ جس کا تذکرہ ہو رہا ہے اس پر بات چیت ہوگی، ایران کی صورتحال ،جس میں کشیدگی اور تناؤ بڑھ رہا ہے اس حوالے سے بھی گفتگو کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں اپنا نکتہ نظر پیش کریگا۔ اس کے علاوہ سائیڈ لائنز پر میری ملاقاتیں کچھ وزرائے خارجہ کے ساتھ بھی طے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:ممبر ممالک ایک دوسرے کی آزادی کا احترام کریں گے، او آئی سی 

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی انکی ملاقات ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ  سمٹ لیول میٹنگ کے لئے وزیر اعظم بھی تشریف لے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں