محکمہ موسمیات نے آج سے 20 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
پی ڈی ایم اے نے ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے 20 جون تک بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ادارے کے مطابق صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی فصلوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ اسی طرح کالام، پاڑاچنار، وزیرستان اور سوات میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
16 سے 20 جون کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ اس دوران مختلف علاقوں میں موسم کی صورت حال غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 20 جون تک برقرار رہ سکتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں بھی وسطی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں یہ موسمی نظام فعال ہوگا۔
پنجاب اور اسلام آباد میں 16 سے 20 جون کے دوران مختلف مقامات پر گرد آلود ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی،سی ٹی ڈی کی مختلف کارروائیاں،5مبینہ دہشتگردگرفتار
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات اور ہنگامی تیاریوں کی ہدایات جاری کر دی ہیں، جبکہ ریسکیو اور امدادی اداروں کو الرٹ رہنے اور فوری ردعمل یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔ ادارے نے سیاحوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تلقین بھی کی ہے۔
