اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کی جیلوں میں قید پاکستان کے 572 قیدیوں کی رہائی پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زائد النہیان اور ولی عہد شیخ محمد بن زائد النہیان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں عمل میں آئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ساتھ ہی اس یقین کا اظہارکیا گیا کہ آئندہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان موجود تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زائد کا شکریہ ادا کیا تھا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستانی عوام اور حکومت 572 قیدیوں کی رہائی پر ازحد مشکور ہیں۔
پاکستانی حکومت اور عوام متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزاد محمد بن زید کا 572 پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ ہوتی ہے حقیقی قیادت جو اپنے نہیں دوسروں کے بچوں کے بارے میں سوچتی ہے۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) May 17, 2019
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ ہوتی ہے حقیقی قیادت جو اپنے نہیں دوسروں کے بچوں کا سوچتی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بھی ہفتہ وار بریفنگ میں کہا تھا کہ یو اے ای سے 3500 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 572 قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ رہا ہونے والوں میں ابوظہبی سے 262 ، عجمان سے 65، فجیرہ سے 62 اور شارجہ سے 52 پاکستانی قیدی شامل ہیں۔
اسی بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ امریکہ سے 50 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ ڈی پورٹ ہونا پاک امریکہ تعلقات کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔