نواز شریف پیسے دینا چاہتے ہیں، مریم رکاوٹ ہیں، آصف زرداری

حکومت کے سامنے اصل اپوزیشن پیپلز پارٹی ہے، آصف زرداری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میڈیا کے مطابق نواز شریف پیسے واپس دینا چاہتے ہیں لیکن ان کی بیٹی مریم نواز منع کر رہی ہیں۔

رکن قومی اسمبلی رمیش لال کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر انہوں نے کہا کہ میڈیا کے مطابق نواز شریف پیسے واپس دینا چاہتے ہیں لیکن ان کی بیٹی مریم نواز منع کر رہی ہیں۔

نیئر بخاری نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف براہ راست حکومت کو پیسے نہیں دیں گے بلکہ وہ انفرادی طور پر کسی شخص کو رقم دیں گے۔

پیپلزپارٹی اراکین نے سابق صدر کو کہا کہ آپ کا جملہ ’نیب چلے گا یا معیشت‘ بہت مشہور ہوا ہے جس پر انہوں نے اراکین کو جواب دیا کہ میں نے صحیح کہا، ان سے معیشت چلتی نظر نہیں آ رہی۔

یہ بھی پڑھیں نیب نے آصف علی زرداری کے خلاف تین ریفرنسز تیار کر لئے

عشائیہ سے قبل سابق صدر آصف زرداری کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس بھی ہوا جس میں نیئربخاری، خورشید شاہ، نوید قمر، یوسف تالپور، سلیم مانڈوی والا، روبینہ خالد، کرشنا کماری سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بجٹ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ بجٹ امور پر سید خورشید شاہ اور سید نوید قمر نے سابق صدر کو بریفنگ بھی دی۔

اجلاس میں ارکان اسمبلی نے آصف علی زرداری سے سندھ کے صوبائی وزرا کی شکایت بھی کی۔ اراکین نے شکوہ کیا کہ صوبائی وزرا اپنے دفاتر میں نہیں بیٹھتے اور اپنے اپنے حلقوں میں بھی نظر نہیں آ رہے۔ انہیں عوام سے رابطہ کرنے کے لیے پابند کیا جائے۔


متعلقہ خبریں