بی جے پی نے الیکشن جیتنے کے لیے جنگی جنون طاری کیا، عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے  الیکشن جیتنے کے لیے جنگی جنون طاری کیا ہے۔ سچ کی ہمیشہ فتح ہوتی ہے اور وہی سب سے اچھی پالیسی ہے۔ بی جے پی کی جانب سے الیکشن جیتنے کیلئے پاکستان پر جنگی جنون طاری کیا گیا اور جھوٹے دعوے کئے گئے۔
عمران خان نے کہا پاکستان کا ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارت کا جھوٹا دعوی بیک فائرکرگیا ہے ۔

وزیراعظم پاکستان نے کہاہے کہ امریکی دفاعی حکام نے بھی بھارتی دعوے کی نفی کردی ہے کہ پاکستان کا کوئی ایف 16 طیارہ فلیٹ سے کم نہیں ہے ۔

یاد رہے گزشتہ روز پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے کہاہے کہ شکر الحمد اللہ جیت سچ کی ہوئی، بھارت کےلیے اب سچ بولنے کا وقت ہے۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کو اپنے دوسرے طیارے کی تباہی کااعتراف بھی کرلینا چاہیے۔
بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا احساس کرنا چاہیے ۔ پاک فوج کے ترجمان نے عالمی جریدے فارن پالیسی کی رپورٹ پرردعمل میں یہ بیان جاری کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ایف 16 طیارہ گرانے کے بھارتی دعوے کا پول کھل گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مگ 21 سے ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ کیا جبکہ بھارتی مگ 21 کو پاک فضائیہ نے مار گرایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جہاز کے ڈھانچے سے چاروں میزائل ہیڈز صحیح سلامت برآمد ہوئے ہیں، پاکستان کی پیشہ ورانہ مسلح افواج شور شرابا کرنے کی بجائے تحمل سے کام لیتی ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی جھوٹ کا پول کھولنے کے لئے دیگر شواہد بھی موجود ہیں۔

اس سے قبل خبر آئی تھی کہ  بھارتی دعوے کا ایک اور جھوٹ امریکیوں نے دنیا پر آشکار کردیاہے ۔ امریکہ نے بھارت کے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے کہ بھارت نے اس کے کسی بھی ایف -16 طیارے کو نقصان پہنچایا ہے۔

اس بات کا انکشاف مؤقر امریکی جریدے ’فارن پالیسی‘ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:بھارت کے لیے اب سچ بولنے کا وقت ہے، ترجمان پاک فوج

بھارت کی جانب سے تسلسل کے ساتھ عالمی برادری کو گمراہ کیا جارہا تھا کہ پاکستان نے بھارتی طیاروں کا مقابلہ جے ایف تھنڈر کے بجائے ایف -16 طیاروں سے کیا تھا۔

بھارت کی جانب سے یہ جعلی دعوہ بھی سامنے آیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن نے اپنا طیارہ تباہ کرانے سے قبل پاکستان فضائیہ کے ایف -16 جدید لڑاکا طیارے کو نشانہ بنایا جو پاکستان ہی کی حدود میں کسی جگہ گر کر تباہ ہوا ہے لیکن پاکستانی حکام اس بات کو عالمی برادری سمیت پوری دنیا سے چھپارہے ہیں۔


متعلقہ خبریں