چین کا پاکستان کے خلاف امریکی قرارداد ویٹو کرنے کا اعلان


اسلام آباد: چین نے پاکستان کے خلاف امریکہ کی نئی قرارداد کو ویٹو کرنے کا اعلان کر دیا۔

چین کے نائب سفیر لی جیانگ نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے بغیر مشاورت کے قرار داد کا مسودہ سلامتی کونسل میں پیش کیا جب کہ ایسی قرار دادوں کے لیے سلامتی کونسل کی کمیٹی پہلے سے موجود ہے۔

لی جیانگ نے کہا کہ چین بھی پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ چاہتا ہے کیونکہ جنگ کی صورت میں نقصان خطے کا ہو گا۔

اس سے قبل چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مولانا مسعود اظہر کے خلاف بھارت کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو بھی ویٹو کیا تھا۔

مسعود اظہر پر پابندی کی قرارداد 27 فروری کو امریکا سمیت برطانیہ اور فرانس نے پیش کی تھی

بھارت نے مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے سلامتی کونسل میں قرار دار پیش کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں سی پیک منصوبہ، تیسرے فریق کی شمولیت پر اتفاق رائے ہے، چینی نائب سفیر

واضح رہے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فوج پر حملے کے بعد پاکستان اور بھارت میں حالات کشیدہ ہو گئے تھے ۔

بھارت نے پلوامہ حملے کا ذمہ دار جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو قراد دیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ پاکستان مولانا کو بھارت کے حوالے کرے۔

اس ضمن میں بھارت نے اپنے دوست ممالک کے ساتھ ایک مرتبہ پھر سلامتی کونسل میں مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کے لئے قرار داد پیش کی تھی۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ چین نے ہمیشہ ذمہ دار ملک کی حیثیت سے فیصلے کیے ہیں اور چین متعلقہ پارٹیوں کے ساتھ مل کر ذمے دار کردار ادا کرے گا۔ دیرپا نتائج کے لیے ذمے دار اور سنجیدہ بات چیت کی ضرورت ہے۔ اس مسئلے پرمتعلقہ اداروں کو قوانین اور طریقہ کار کی پیروی کرنا ہو گی۔


متعلقہ خبریں