پاکپتن: پنجاب کے شہر پاکپتن میں حضرت خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی اجمیری کے 807 ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔
خواجہ غریب نواز کی چھ روزہ تقریبات کی رسومات کی ادائیگی دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے سجادہ نشین نے کی۔
سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے ملک بھر سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں پاکپتن آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سجادہ نشین مودود مسعود نےتقریبات کا آغاز کرتے ہوئے عقیدت مندوں میں روائتی تبرکات تقسیم کیں۔
پاکپتن میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے سالانہ عرس کی مناسبت سے دربار پر محفل سماع کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں نامور قوال شرکت کر رہے ہیں۔
یوں تو حضرت خواجہ معین الدین حسن اجمیری کا دربار اجمیر (انڈیا) میں ہے لیکن سلسلہ چشتیہ میں حضرت خواجہ معین الدین حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی، حضرت بابا فرید الدین گنج شکر اور حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء جیسے عظیم الشان پیران طریقت کے مرشد ہیں۔
ہر سال اجمیر میں عرس کا آغاز ہوتے ہی پاکپتن دربار بابا فرید پر بھی اس عرس کی مناسبت سے رسومات ادا کی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں بابا فرید گنج شکرؒ کا عرس: بہشتی دروازہ کھل گیا
غریبوں کی بندہ پروری کرنے کے عوض حضرت معین الدین اجمیری کو عوام نے خواجہ غریب نواز کا لقب دیا جو آج بھی زبان زِد عام ہے اور اسی نام پر کئی قوال حضرات اپنا کلام دربار بابا فرید پرحاضری کے دوران پڑھنا باعث عقیدت سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ درباروں پر دو سال قبل تک ہائی الرٹ سیکیورٹی کے باعث دربار بابا فرید پر بھی کسی قسم کی محفل سماع کی ممانعت تھی لیکن گزشتہ دو سال سے دوبارہ محفل سماع کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
دربار بابا فرید کا بیرونی نوری دروازہ بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا تھا تاہم عرس کی رسومات کے دوران اس دروازے کو کچھ دیر کے لیے کھولا جاتا ہے۔