پاک بھارت کشیدگی، اسپیکر قومی اسمبلی کا 178 پارلیمان کو خط

مشترکہ اجلاس دوبارہ بلایا جائیگا، اپوزیشن سے رابطہ کرونگا: اسد قیصر

اسلام آباد: پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دنیا بھر کی 178 پارلیمان کو خط لکھ دیا۔

ایک اعلامیے کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی پارلیمنٹ کی منظور کردہ مشترکہ قرارداد ارسال کی۔

مذکورہ خط میں دنیا بھر کی 178 پارلیمنٹوں کے اسپیکر کو 26 اور 27 فروری کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحدی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔

خط میں اسپیکر کا کہنا تھا کہ عالمی امن کی خاطر پاکستان ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے لیکن بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے،  پاکستان اپنی مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا۔

مزید پڑھیں: بالاکوٹ حملہ کا ثبوت مانگنا فوجی مورال ڈاؤن کرنے کے مترادف ہے، مودی

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ماہر پائلٹوں کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کی تباہی نئی دہلی کے لیے واضح پیغام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بحثیت عوام کے منتخب کردہ نمائندگان، آپ اپنے رائے دہندگان کے حقوق، امن اور سلامتی کے نگہبان ہیں، کشمیر کے مظلوم عوام پر بھارتی غصب اور بربریت کا نوٹس لیجئے اور دنیا کو جنگ کی ہولناکیوں سے محفوظ بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کیجئے۔

پاک بھارت کشیدگی

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پلوامے حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے۔

بھارت کی جانب سے کچھ روز قبل پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی اور پاک سرزمین پر چار بم گرائے گئے۔

اس کے بعد پاک فضائیہ نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جن میں سے ایک آزاد جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ پاکستانی فوج کی جانب سے ایک بھارتی پائلٹ کو بھی حراست میں لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس کے دوران جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا۔

جمعے کے روز بھارتی پائلٹ کو بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا تاہم پھر بھی مودی کا جنگی جنون ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا اور بھارت کی جانب سے مزید دھمکیوں کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔


متعلقہ خبریں