لاہور: محکمہ پولیس نے عیدی کے نام پر شہریوں سے پیسے مانگنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مقدمات درج کر لیے۔
حکام کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فیلڈ افسران کو پہلے ہی غیر قانونی سرگرمیوں سے باز رہنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ تاہم شاہدرہ اور اسلام پورہ کے علاقوں میں بعض پولیس اہلکار شہریوں سے عیدی کے نام پر رقم طلب کرتے پائے گئے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ڈی پی او اسلام پورہ کو انکوائری سونپی، جس میں شکایت درست ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ نمبر 2548/26 جبکہ تھانہ اسلام پورہ میں مقدمہ نمبر 1186/26 درج کر لیا گیا۔
پولیس اہلکاروں کے خلاف دفعہ سی 155 اور گداگری ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ عوام سے پیسے مانگ کر پولیس فورس کی ساکھ خراب کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا دورہ چین، 2 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کی محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ جبکہ فورس کا نام بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی جاری رہے گی۔
