عمران خان وعدہ نبھائیں، قدم بڑھائیں: مودی

عمران خان وعدہ نبھائیں، قدم بڑھائیں: مودی | ہم نیوز

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد غربت مٹانے اور دہشت گردی کے خاتمے کی بات کی تھی، پاکستانی وزیراعظم وعدہ نبھائیں اور قدم بڑھائیں۔

بھارتی ریاست راجھستان میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب عمران خان پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے تو میں نے اُن کو مبارک باد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کو کہا کہ ہمیں مل کر غربت اور ناخواندگی سے لڑنا چاہیے جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ پٹھان کے بیٹے ہیں اپنی بات پر قائم رہیں گے، اب یہی وقت ہے کہ عمران خان اپنے کہے الفاظ پر پورا اُتریں۔

گزشتہ سال نومبر میں ایک تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ایک قدم آگے بڑھ کر دو قدم پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں صرف ایک مسئلہ ہے اور وہ مسئلہ کشمیر ہے۔ وزیر اعظم نے سوال کیا کہ کیا ہم ایک مسئلہ حل نہیں کرسکتے؟ انہوں نے سوال کیا کہ انسان چاند پر پہنچ چکا ہے تو کیا ہم مسئلہ کشمیر حل نہیں کر سکتے؟

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بھارت سے مضبوط رشتہ چاہتا ہوں، بھارت دوستی کا ایک قدم آگے بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بارڈر کھل جائیں اور تجارت عام ہو تو خطہ میں غربت کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ الیکشن 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد نریندر مودی نے عمران خان کو فون کرکے مبارک باد دی تھی۔


متعلقہ خبریں