جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کالعدم قرار


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں ہوا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاسمیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مسلح افواج بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ نیا پاکستان ہے، ریاست عوام کے تحفظ کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں دہشت گردی اور انہتا پسندی سب سے بڑے مسئلے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، قومی سلامتی کمیٹی نے پلواما واقعے پر بھارتی الزامات مسترد کیے، پاکستان کو پلواما واقعے میں مُلوث کرنے کی بھارتی کوششوں کی بھی شدید مُذمت کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزارت داخلہ، سیکیورٹی ادارے انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں۔


متعلقہ خبریں