اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے شہباز شریف کی رہائی کو جمہوریت کے لیے نیک شگون قرار دے دیا۔
آصف علی زرداری کی طرف سے مسلم لیگ نون پاکستان کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو رہائی پر مبارک باد دی۔ سابق صدر نے کہا کہ شہبازشریف کی رہائی جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو بااختیار بنانے کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔
سابق صدر نے کہا کہ صرف الزام کی بنیاد پر کسی کو جیل میں رکھنا مناسب نہیں ہے۔ الزامات کی سیاست سے ملک کا نقصان ہوتا ہے تاہم اختلاف رائے جمہوریت کا جز ہے۔
منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری، فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع
شہباز شریف کی رہائی پر مسلم لیگ نون کے عہدے داروں اور کارکنوں کو بھی مبارک باد دیتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ آئین کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے جب کہ 18 ویں ترمیم سے وفاق مضبوط اور مستحکم ہوا ہے۔
14 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔
عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کی۔
شہباز شریف مختلف مقدمات میں نیب کی تحویل میں ہیں جب کہ احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے اور شہباز شریف کو آئندہ سماعت پر ہر حالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہوا ہے۔
سابق وزیراعلی پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے آشیانہ اسکیم اسکینڈل میں گزشتہ سال 5 اکتوبر کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ صاف پانی کیس میں تحقیقات کے سلسلے میں نیب میں پیش ہوئے تھے۔