لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فور کے جنون میں مبتلا یورپی شائقین کے لیے ہم نیٹ ورک کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ اب یورپ اور یو کے کے عوام بھی پی ایس ایل فور کے میچز براہراست دیکھ سکیں گے جب کہ کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے والے میچز کے ٹکٹ کی قیمت کا تعین بھی کر دیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ کا جنون صرف پاکستان میں ہی نہیں پاکستان سے باہر بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ شائقین کے اس جنون کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نیٹ ورک نے ایک اہم قدم اٹھایا۔
اب یورپ اور یو کے کے عوام بھی پی ایس ایل فور کے تمام میچز ہم ٹی وی کی اسکرین پر براہ راست دیکھ سکیں گے۔
پی ایس ایل سیزن فور کے ٹکٹس کی قیمت کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پاکستان میں ہونے والے میچز کی کم سے کم قیمت 500 روپے اور زیادہ سے زیادہ قیمت 12 ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔
پی ایس ایل سیزن فور کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جب کہ میگا ایونٹ کے پاکستان میں ہونے والے میچز کی آن لائن بکنگ رواں ہفتے سے شروع کر دی جائے گی۔
کراچی میں ہونے والے میچز کے کم سے کم ٹکٹ کی قیمت پانچ سو روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ 12 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اسی طرح لاہور میں کھیلے جانے والے میچز کے ٹکٹس کی کم سے کم قیمت ایک ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ قیمت 12 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔