آئی ایم ایف کیساتھ ایسی شرائط چاہتےہیں جن کابوجھ عوام پرنہ پڑے، شاہ محمود

محرم الحرام میں شرپسند عناصر امن خراب کرنیکی کوشش کرسکتے ہیں، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پاکستان انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کے ساتھ ایسی شرائط پر آگے بڑھنا چاہتا ہے جن کا ناروا بوجھ عوام پر نہ پڑے۔

وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورہ پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ایم ایف سربراہ کے ساتھ میٹنگ بھی دورے کا حصہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم شیخ راشد المکتوم کی دعوت پر دبئی جارہے ہیں اور  گلوبل گورنس سمٹ میں بطور کلیدی اسپیکر اظہار خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنس ایک ایسا ایشو ہے جسکی ہمارے خطے کو اور بالخصوص پاکستان کو بے حد ضرورت ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بہت سے مسائل نے بری گورنیس کی وجہ سے جنم لیاچنانچہ وزیر اعظم پاکستان کی کوشش ہے کہ وہ ایسا ماڈل متعارف کروا سکیں اور ایسی ادارہ جاتی اصلاحات کو سامنے لائیں تاکہ اداروں کی پرفارمنس میں بہتری لائی جا سکے۔

وزیراعظم کے ہمراہ روانہ ہونے والے وزیرخارجہ نے دورے کی تفصیلات کے متعلق بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے کراؤن پرنس اور وہاں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے ملاقات اور مذاکرات بھی ہوں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم آج ہی ایک روزہ دورے پر دبئی روانہ ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسد عمر، وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین بھی ہمراہ ہیں۔


متعلقہ خبریں