راولپنڈی: بےنظیر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) طارق مسعود نیازی کی معطلی کے معاملے پر احتجاج شروع کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے معطلی کے خلاف احتجاج کیا اور مظاہرین کی جانب سے مری روڈ بلاک کردیا گیا۔
ایک جانب ایم ایس کی معطلی کے خلاف احتجاج جاری ہے تو دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے) نے بھی اس معاملے پرہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ کل سے راولپنڈی کے تینوں الائیڈ اسپتالوں میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں موجودہ صورتحال کے بارے میں لائحہ عمل تشکیل دینے پر غور کیا جائے گا جبکہ اور پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں احتجاج اور ہڑتال کی کال دیئے جانے پربھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ مظاہرین کی جانب سےمعطلی کو مداخلت اور انتقامی کارروائی قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے احتجاج کے دوران نعرے بازی بھی کی گئی جبکہ شرکا نے مختلف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات اور نعرے درج تھے۔