کشمیر پر پاکستانی مؤقف واضح اور دو ٹوک ہے، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے۔

وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے منعقدہ بین الاقوامی تقریبات میں شرکت کے لئے لندن روانہ ہو گئے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی پیر کو برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ لندن میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نہتے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم اور جبر استبداد کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے لئے ہائی کمشنر کے دفتر (او-ایچ-سی-ایچ-آر) اوربرطانوی پارلیمانی گروپ کی حالیہ رپورٹس نے پاکستانی مؤقف کی تائید کی ہے جب کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرار دادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی پانچ فروری کو پارک لین میں کشمیر ڈے کے حوالے سے منعقدہ نمائش میں بھی شریک ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی نے لندن روانگی سے قبل آل پارٹیز حریت کانفرنس کی سینیئر قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لندن میں ہونے والے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔


متعلقہ خبریں