وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد آئی ٹی پارک کا افتتاح کرتے ہوئے اسے دانش آئی ٹی پارک کا نام دینے کا اعلان کردیا۔
شعبہ آئی ٹی اور اے آئی میں نیشنل آئی ٹی پارک اہمیت کا حامل ہے،ڈیجیٹل ترقی اور معاشی خوشحالی کے سفر میں نیشنل آئی ٹی پارک اہم سنگ میل ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ دانش آئی ٹی پارک دانش اسکولوں کی طرز تناوردرخت بنے گا، ملک بھر میں دانش اسکول ہونہار مستحق طلبا کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اس کے علاوہ دانش یونیورسٹی کے قیام پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس سوچ کے تحت منصوبے کو دانش آئی ٹی پارک کا نام دیا گیا ہے جہاں لاکھوں نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع حاصل ہوں گے۔
شہبازشریف نے دورہ جنوبی کوریا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1985میں وفد کے ہمراہ جنوبی کوریا کا دورہ کیا تھا جہاں کے تجربے سے لاہور میں پہلی بار ایئر کنڈیشنڈ بسیں آئیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ٹی پارک کی طرز پر ملک بھر میں اس کا دائرہ کار بڑھے گا، مشترکہ کاوشوں اور ٹیم ورک کی بدولت منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر آئی ٹی، ان کی ٹیم اور تمام شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی پارک ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا، یہ منصوبہ صرف عمارت نہیں، ٹیکنالوجی ، جدت اور مہارت کا امتزاج ہوگا۔
آئی ٹی پارک لاکھوں نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا،ٹیکنالوجی کی دنیا میں مہارت ہی اصل طاقت ہے،آئی ٹی پارک کیلیے بہترین کمپنیوں اور ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی،وسائل سے محروم ہزاروں بچوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر جنوبی کوریا کے سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئی ٹی پارک جنوبی کوریا کے ترقیاتی تعاون فنڈ کے تحت مکمل کیا گیا،یقین ہے آئی ٹی پارک پاکستان کے ڈیجیٹل منظر نامے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
اس سے قبل وزیرآئی ٹی شزا فاطمہ نے منصوبے کی تکمیل میں تعاون پر تمام شراکت داروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت آئی ٹی نے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے محنت کی۔
شزا فاطمہ نے بتایا کہ آئی ٹی پارک پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت مکمل کیا گیا ہے،اڑھائی سال میں چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے آج تقریب میں موجود ہیں۔
وزیر آئی ٹی کا کہنا تھا کہ آئی ٹی پارک عمارت نہیں، مکمل ڈیجیٹل کاروباری اور ٹیکنالوجی ایکوسسٹم ہوگا،پاکستان کا پہلا آئی ٹی پارک لاہورمیں ارفع کریم ٹاور کے نام سے قائم کیا گیا تھا۔
چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل منیر کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئی ٹی پارک ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کیلیے کاوشوں کا اہم جزو ہے،وزیراعظم کا ڈیجیٹل نیشن کا تصور قومی عزم کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے جدت اور تخلیقی صلاحیتوں پر مبنی ڈیجیٹل معیشت کے قیام کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے۔


