وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی تشکیل دے دی


وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج پالیسی 2019 کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے بعد حج اخراجات میں گزشتہ سال کی نسبت ایک لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال حج اخراجات سبسڈی کے بغیر شمالی پاکستان کے لیے 4 لاکھ 36 ہزار روپے جبکہ جنوبی پاکستان کے لیے 4 لاکھ 26 ہزار روپے تجویز کیے گئے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج 2019 کے لیے 45 ہزار روپے فی حاجی سبسڈی دینے کی تجویز دے دی گئی ہے۔

کابینہ کی جانب سے حج پر سبسڈی دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حج سبسڈی کی صورت میں حج اخراجات 3 لاکھ 90 ہزار ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سال 2019 میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے ایک لاکھ 84 ہزار 210 عازمین سعودی عرب جائیں گے۔ ایک لاکھ سات ہزار عازمین سرکاری جب کہ 76 ہزار پرائیویٹ اسکیم کے تحت سعودی عرب جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ 80 سال سے زائد کے دس ہزار عازمین بناء قرعہ اندازی ہی حج پر جائیں گے۔ اس کے علاوہ تین سال سے مسلسل ناکام رہنے والے دس ہزار عازمین بھی بناء قرعہ اندازی حج پر جائیں گے۔

پالیسی میں رواں سال ہارڈ شپ کوٹہ ڈیڑھ فیصد رکھنے کی تجویزبھی کی گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور حکام کل کابینہ کو میں حج پالیسی پر بریفنگ دیں گے۔


متعلقہ خبریں