اسلام آباد:وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارتی امور عبدالرزاق نے کہا ہے کہ پاکستان کی برآمدات جلد 25 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 30 جون 2019 تک پاکستان کی درآمدات 27 بلین ڈالر سے تجاوز کرنے کی امید ہے۔
واضح رہے ملکی معیشت کی بہتری کے لئے تحریک انصاف حکومت کی جانب سے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، تاہم معیشت کے ماہرین کے مطابق ملک میں موجود غیر یقینی کے فضا کو ختم ہونا چاہئے کیوں کہ اس سے سرمایہ کار کے اعتماد میں کمی واقع ہوتی ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے نے فیڈرل آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) میں تاجروں سے ملاقات کے دوران سمال ٹریڈر اسکیم کو ملک بھر میں پھیلانے کی بات تھی۔
انہوں نے کہ کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے جب کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد زراعت اور صنعت میں صوبوں کا کردار بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک میں اسپیشل اکنامک زونز کا بنیادی کردار ہے اور اکنامک زونز کروباری حضرات کو چلانے چاہیں جب کہ اکنامک کوآرڈیشن کمیٹی میں ایس ای زیز ایجنڈے میں شامل کی گئی ہے۔ آڈٹ کا ایک نظام ہے اور یہ ہونا بھی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے خواتین اکنامک زونز کو اچھا آئیڈیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر بھی جلد کام کریں گے جب کہ فنانس بل میں 51 فیصد خواتین کے لیے بھی رکھا گیا تھا۔
ملک میں لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاہم اسلام آباد میں نیٹ میٹرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کا طریقہ آسان کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور سال 2019 کے ٹیکس ریٹرن کو آسان بنایا جائے گا جب کہ فروری میں ٹاپ ٹیکس ریٹرنز کو تقریب میں سراہا جائے گا۔