ہم ٹی وی آج اپنی 14ویں سالگرہ منا رہا ہے

  • ہم ٹی وی ایسے مسائل کو اسکرین پر لایا جن پر بات کرنا معیوب سمجھا جاتا تھا

کراچی: پاکستان کا معروف نجی ٹی وی چینل ہم ٹی وی آج اپنی 14ویں سالگرہ منا رہا ہے اور اس دن کی مناسبت سے ہم ٹی وی پر خصوصی ٹرانسمیشن چلائی جائیں گی جس میں ڈرامہ سیلیبریٹیز سمیت کئی اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔

ہم ٹی وی کی جانب سے چینل کے ناظرین کو سالگرہ سے پہلے اپنے پسندیدہ ڈرامے کو ووٹ کرنے کی ہدایات کی گئی تھیں جس کا مقصد ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے گزشتہ 14 سالوں میں ’ہم‘ نیٹ ورک کے ساتھ کام کر کے اسے کامیابی سے ہمکنار کیا۔

ہم ٹی وی نے جہاں کئی بلاک بسٹر ڈرامے نشر کیے وہیں 2011 میں بنائے گئے ڈرامے ہم سفر نے شہرت کے تمام ریکارڈ توڑے، ماہرہ خان اور فواد خان کی موجودگی نے ڈرامے کو ناصرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی مقبول کیا۔

ہم ٹی وی نے پہلی دفعہ بولڈ موضوعات کا انتخاب کر کے معاشرے میں پھیلی برائیوں کو ناصرف اسکرین پر دکھایا بلکہ اس سے متعلق آگاہی پھیلانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

چینل کی ہر پیشکش نے فائلوں میں بند جرائم کا پردہ چاک کیا ، جلا دیے گئے مسائل کی راکھ سے چنگاریاں ڈھونڈ کر ناصرف انہیں سلگایا بلکہ انہیں ایک مضبوط پیغام کے ساتھ عوام کے سامنے پیش بھی کیا۔

اڈاری، سمی، ڈرسی جاتی ہے صلہ جیسے ڈراموں نے ناصرف لازوال شہرت حاصل کی بلکہ عوام کا مثبت ردعمل بھی سامنے آیا۔

ہم سفر، زندگی گلزار ہے، من مائل، سنگ مرمر، دیار دل، بن روئے، دلدل اور رنگریزہ جیسے ڈراموں نے ریٹنگ کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔

17 جنوری 2005 میں چینل کی لانچنگ کے بعد ہم ٹی وی نے خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے اور ایسے مسائل کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا جن پر بات کرنا معیوب اور باعث شرم سمجھا جاتا تھا۔

صدر سلطانہ صدیقی کی زیر سرپرستی ہم نیٹ ورک ہم نیوز، ہم ٹی وی، ہم مصالحہ، ہم ستارے اور ہم یورپ جیسے پلیٹ فارم سے بھرپور انداز میں عوامی و معاشرتی مسائل اور ان کا حل ناظرین کے سامنے پیش کرتا رہتا ہے۔

ہم نیٹ ورک کی خاتون صدر نے خواتین کے مسائل اور ان کے تدارک کے لیے ہمشیہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔


متعلقہ خبریں